لاہور (پنجاب پوسٹ): پنجاب اسمبلی نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور رکن صوبائی اسمبلی (PP-153) کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد منظور کر لی۔
قرارداد میں امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مؤثر سفارتکاری کے ذریعے خطے کو بڑے جانی و مالی نقصان سے بچایا اور پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا۔
قرارداد میں ایران میں حالیہ حملوں کے نتیجے میں بے گناہ شہریوں، خواتین اور بچوں کی شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا گیا۔ایوان نے اس مؤقف کی توثیق کی کہ یہ قرارداد ظلم، جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتی ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو اہم قرار دیتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے نیدرلینڈ کے سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق
قرارداد میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں بین الاقوامی سطح پر فعال سفارتی اقدامات، متاثرین کی امداد اور امن کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔
مزید کہا گیا کہ پاکستان کی قومی خودمختاری، علاقائی امن اور انسانی اقدار کے تحفظ کے لیے حکومت اور افواج پاکستان کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔















ایک تبصرہ برائے “پنجاب اسمبلی میں قرارداد منظور، ایران و امریکہ کشیدگی میں سفارتکاری پر حکومتِ پاکستان کو خراجِ تحسین”
[…] […]