لاہور(پنجاب پوسٹ) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے نیدرلینڈ کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ نے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور نیدرلینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، تجارت، تعلیم، کھیلوں اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے پارلیمانی سفارت کاری کے فروغ اور دونوں ممالک کی قانون ساز اسمبلیوں کے درمیان روابط کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈ باہمی احترام اور تعاون پر مبنی دیرینہ تعلقات رکھتے ہیں اور پارلیمانی روابط کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت ملے گی جبکہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سے مشترکہ خوشحالی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ سپیکر نے تعلیم، تحقیق اور نوجوانوں کے تبادلوں کے پروگراموں کو دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور تعاون کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت نے آبیانہ نرخوں میں نمایاں اضافہ کر دیا
ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ جمہوری اداروں کے درمیان تجربات کا تبادلہ گورننس کے نظام کو مضبوط بناتا ہے۔ انہوں نے پنجاب میں کم عمری کی شادی کے خلاف مؤثر قانون سازی کو بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔
اس موقع پر نیدرلینڈ کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ نے کہا کہ دوطرفہ تعاون کے نئے مواقع دونوں ممالک کے لیے سودمند ثابت ہوں گے۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی کے دورے کو باعثِ مسرت قرار دیتے ہوئے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب، ایڈوائزر برائے سپیکر اسامہ خاور، پرنسپل سیکرٹری عماد حسین بھلی، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے اقلیتی امور فیلبوس کرسٹوفر، ملک تیمور احمد خاں اور ڈائریکٹر میڈیا راؤ ماجد علی بھی موجود تھے۔
بعد ازاں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے نیدرلینڈ کے سفیر کو پنجاب اسمبلی کے ایوان کا دورہ بھی کروایا۔









ایک تبصرہ برائے “سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے نیدرلینڈ کے سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق”
[…] یہ بھی پڑھیں : سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے نیدرلینڈ کے سفی… […]