پنجاب ٹریفک پولیس (پنجاب پوسٹ) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے ای چالان نادہندگان کے خلاف بھرپور اور سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے صوبہ بھر میں یکم جولائی سے نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کا آغاز کیا جائے گا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ای چالان نادہندگان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ ٹریفک پولیس ون ایپ کے ذریعے موقع پر ای چالان کی تصدیق کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ ریکوری کے عمل کو بھی مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ای چالان کی تفصیلات پنجاب سیف سٹی کی ویب سائٹ سے حاصل کریں اور کسی بھی غیر مصدقہ لنک یا فراڈ سے بچیں۔ واضح کیا گیا ہے کہ پنجاب سیف سٹی ای چالان کی ادائیگی کے لیے کوئی آن لائن لنک ارسال نہیں کرتا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے خلاف آج بڑا کریک ڈاؤن، جنرل ہولڈ اپ کا اعلان
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ شہری اپنے ای چالان کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ قانون شکن عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور سڑکوں پر نظم و ضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہی محفوظ سفر کی ضمانت ہے۔












