شہزاد بٹ کا عالمی اعزاز، ورلڈ ڈس ایبل سنوکر چیمپئن شپ میں سلور میڈل جیت لیا

تھائی لینڈ :(پنجاب پوسٹ)میں جاری ورلڈ ڈس ایبل سنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے باصلاحیت کھلاڑی شہزاد بٹ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور میڈل اپنے نام کر لیا۔ عالمی مقابلے کے فائنل میں شہزاد بٹ کو میزبان ملک تھائی لینڈ کے کھلاڑی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے پورے ایونٹ کے دوران بہترین کھیل پیش کرکے پاکستان کے لیے اعزاز حاصل کیا۔شہزاد بٹ نے نہ صرف فائنل تک رسائی حاصل کی بلکہ چیمپئن شپ کے دوران 81 پوائنٹس کا شاندار بریک کھیل کر ٹاپ اسکورر کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ ان کی یہ کارکردگی ایونٹ کی نمایاں کامیابیوں میں شمار کی جا رہی ہے اور اسے عالمی سطح پر پاکستانی سنوکر کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔


ورلڈ ڈس ایبل سنوکر چیمپئن شپ میں دنیا بھر کے 12 ممالک سے تعلق رکھنے والے 50 کھلاڑیوں نے شرکت کی، جہاں سخت مقابلے کے بعد شہزاد بٹ نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور پاکستان کو سلور میڈل دلوایا۔شہزاد بٹ کی تاریخی کامیابی پر چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نوجوان کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شہزاد بٹ مستقبل میں بھی مزید کامیابیاں سمیٹ کر پاکستان کے لیے اعزازات حاصل کریں گے۔اس موقع پر پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن برائے سنوکر محمد عمران نوشاہی نے شہزاد بٹ کی کارکردگی کو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہزاد بٹ نے اپنی محنت، لگن اور عزم کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم سربلند کیا ہے اور ان کی کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے