محرم میں سنی شیعہ اتحاد برقرار رکھنا وقت کی ضرورت، شرپسند عناصر کو ناکام بنانا ہوگا: گورنر پنجاب

لاہور: (پنجاب پوسٹ)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ محرم الحرام نہایت حساس اور عقیدت و احترام کا مہینہ ہے جس میں اہلِ بیتؑ اور حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی کو یاد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ کسی ایک مذہب یا فرقے پر نہیں بلکہ پوری انسانیت پر احسان رکھتے ہیں اور ان کی تعلیمات امن، بھائی چارے اور حق کے لیے جدوجہد کا درس دیتی ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ محرم اور صفر کے ایام غم اور احترام کے دن ہیں، اس دوران علماء کرام اور ذاکرین کو سیرتِ اہلِ بیتؑ بیان کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تقریباً 90 فیصد عزاداری جلوس سنی اور شیعہ اتحاد و یگانگت کی بہترین مثال ہیں، تاہم بعض شرپسند عناصر فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوشش کرتے ہیں جنہیں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔


سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ شیعہ مسلک انتہائی پرامن ہے اور تمام مکاتبِ فکر کو باہمی احترام کے ساتھ رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمنٹیرینز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عوامی مسائل کو اجاگر کریں کیونکہ عوام کی مشکلات کا حل نکالنا سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محرم کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات ناگزیر ہیں اور اگرچہ سکیورٹی ادارے بھرپور کردار ادا کرتے ہیں، تاہم کمیونٹی رضاکار بھی امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔گورنر پنجاب نے سیاسی امور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری کو ملک کی قیادت کرتے دیکھنا چاہتے ہیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔دوسری جانب آغا حسین قزلباش نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عزاداری جلوس رات آٹھ بجے اپنے مقررہ وقت پر اختتام پذیر ہوتا ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے محرم کے دوران بہترین انتظامات پر حکومت پنجاب اور وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ زائرین کی سہولت کے لیے عرقِ گلاب کے چھڑکاؤ سمیت مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔


آغا حسین قزلباش نے کہا کہ ماضی میں سنی برادری عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی پر مامور ہوتی تھی اور سبیلیں بھی لگاتی تھی، لیکن اب بعض قوتیں سنی شیعہ اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھاٹی گیٹ میں سڑکوں کی تعمیر کے باوجود دو صدیوں پرانے تاریخی جلوس کا روٹ تبدیل نہیں ہوگا اور جلوس اپنے روایتی راستے پر ہی گزرے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

ایک تبصرہ برائے “محرم میں سنی شیعہ اتحاد برقرار رکھنا وقت کی ضرورت، شرپسند عناصر کو ناکام بنانا ہوگا: گورنر پنجاب”

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے