پاکستان :(پنجاب پوسٹ)کے لیے ایک بڑے اعزاز کی خبر سامنے آئی ہے جہاں لاہور ہائیکورٹ کے ملازم عرفان خان نے سعودی عرب میں حج کے دوران منعقد ہونے والے اذان کے بین الاقوامی مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ عرفان خان نے اپنی خوبصورت، پُرسوز اور دلنشین آواز کے ذریعے نہ صرف ججز بلکہ دنیا بھر سے آئے شرکاء اور حاضرین کو بھی متاثر کیا۔بین الاقوامی سطح پر منعقد ہونے والے اس مقابلے میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت مؤذنین اور قراء نے شرکت کی، تاہم عرفان خان کی منفرد اندازِ اذان اور خوش الحانی نے انہیں نمایاں مقام دلایا۔ شاندار کارکردگی کے اعتراف میں انہیں "الصوت الذہبی” (گولڈن وائس) یعنی سنہری آواز کے لقب سے بھی نوازا گیا۔
عرفان خان پیشہ ورانہ طور پر لاہور ہائیکورٹ میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور وہ جسٹس سید احسن رضا کاظمی کے ساتھ بطور ڈرائیور فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ان کی یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ محنت، لگن اور صلاحیت کسی بھی شعبے سے وابستہ فرد کو عالمی سطح پر ممتاز مقام دلا سکتی ہے۔عرفان خان کی اس کامیابی پر دینی، سماجی اور عوامی حلقوں کی جانب سے انہیں بھرپور مبارکباد پیش کی جا رہی ہے۔ مختلف شخصیات نے اس اعزاز کو پاکستان کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عرفان خان نے اپنی خوبصورت آواز اور بہترین اندازِ اذان سے عالمی سطح پر ملک کا مثبت تشخص اجاگر کیا ہے۔









