لاہور :(پنجاب پوسٹ)کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے نو مئی سے متعلق ایک اور مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بری کر دیا، جبکہ دیگر مرکزی رہنماؤں کو 10،10 سال قید کی سزا سنا دی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں تھانہ مغلپورہ کے مقدمہ نمبر 1570/23 کا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ، ڈاکٹر یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری کو مجرم قرار دیتے ہوئے 10،10 سال قید کی سزا سنائی۔عدالت نے تاہم شواہد کی بنیاد پر شاہ محمود قریشی کو مقدمے سے بری کرنے کا حکم دیا۔کارکنان سلمان، عدنان ، شعیب ، شاہ زیب، رضوان ، ہارون، اعظم، شمشاد، عباس ، طیب اور حافظ عثمان کو عدالت نے بری کر دیا جبکہ کارکن شاہ دین، خاور حسین ٫٫ احمد زاہد ، اور حافظ سید الرحمان کو دس دس سال قید کی سزا سنائی گئی ۔ فیصلہ کوٹ لکھپت جیل میں قائم خصوصی عدالت میں سنایا گیا۔
حالیہ فیصلہ سانحہ نو مئی مغلپورہ میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمہ کا تھا اور سزا پانے والے رہنماؤں پر نو مئی کی سازش تیار کرنے کا الزام ہے۔ پراسکیوشن نے ملزمان کیخلاف 37 گواہان پیش کئے۔ مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت 22 ملزمان نامزد تھے۔ مقدمہ کے دو ملزمان سزا کے ڈر سے اشتہاری ہو چکے ہیں۔مقدمہ کے باقی 20 ملزمان کا فیصلہ سنایا گیا ہے۔ پراسکیوشن نے ملزمان کو سزا دینے کی استدعا کی۔ ۔
یاد رہے کہ لاہور میں تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان پر نو مئی کے چودہ مقدمات درج ہیں ۔ جن میں سے اس سے قبل سات مقدمات کا فیصلہ سنایا جاچکا ہے ، جن میں سے شاہ محمود قریشی چھ مقدمات میں عدالت سے بری ہوچکے ہیں ۔
واضح رہے کہ گذشتہ برس 23 جولائی کو بھی 9 مئی کیس کا ایک فیصلہ سنایا گیا تھا ۔ اس فیصلے میں بھی شاہ محمود قریشی کو بری کر دیا گیا، جبکہ یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ اور سینیٹر اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید کی سزا سنا دی گئی تھی














ایک تبصرہ برائے “نو مئی کیس: شاہ محمود قریشی بری، یاسمین راشد، محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کو 10،10 سال قید”
[…] یہ بھی پڑھیں:نو مئی کیس: شاہ محمود قریشی بری، یاسمین راش… […]