او ایل ایکس پر 36 لاکھ روپے کا فراڈ، گاڑی بھی نہ ملی، رقم بھی گئی، شہری کی فریاد پر ڈی آئی جی آپریشنز کا نوٹس

لاہور (پنجاب پوسٹ) او ایل ایکس پر گاڑی خریدنے کے لیے 36 لاکھ روپے ادا کرنے کے باوجود گاڑی نہ ملنے پر شہری نے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کی کھلی کچہری میں فریاد کر دی۔ شہری نے مبینہ فراڈ کی تفصیلات بتاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ رقم وصول کرنے کے بعد گاڑی کے مالک نے پیسے ملنے سے ہی لاعلمی ظاہر کر دی، جبکہ اس کے پاس رقم کی ادائیگی کے ویڈیو ثبوت بھی موجود ہیں۔

شہری کی شکایت پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او ہنجروال کو شواہد کی روشنی میں کارروائی کرنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے معاملے کی مکمل جانچ کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج، جیو فینسنگ اور دیگر تفتیشی ذرائع استعمال کرنے کی ہدایت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ فراڈ ثابت ہونے کی صورت میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور رقم کی برآمدگی کے لیے کارروائی کی جائے۔

فیصل کامران کا کہنا تھا کہ شہریوں کی محنت کی کمائی ہڑپ کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ کھلی کچہری میں شہریوں نے وراثتی جائیداد کے تنازعات، لین دین میں مبینہ فراڈ، تشدد اور دیگر شکایات بھی پیش کیں۔

وراثتی جائیداد کے تنازعات پر ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ اوز شمالی چھاؤنی اور باٹا پور کو قانونی کارروائی کی ہدایت کی، جبکہ لین دین اور مبینہ فراڈ سے متعلق شکایات پر ایس ایچ اوز شیرا کوٹ، باٹا پور اور مستی گیٹ کو شواہد کی روشنی میں کارروائی کرنے کا حکم دیا۔

تشدد سے متعلق شکایات پر ایس ایچ اوز شاہدرہ، ڈیفنس سی، گرین ٹاؤن اور شادباغ کو شکایات کی تصدیق اور قانونی کارروائی کی ہدایت کی گئی۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ کھلی کچہری میں ہر شہری کی فریاد سننا اور داد رسی یقینی بنانا پولیس کی ترجیح ہے۔ فراڈ، ہراسگی اور سماجی جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے اور شہریوں کو انصاف کے حصول کے لیے دفاتر کے چکر نہیں لگوانے دیے جائیں گے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے