لاہور میں QR پینک بٹن لازمی، ٹرانسپورٹ کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان

لاہور:(پنجاب پوسٹ)ٹریفک پولیس نے عوامی تحفظ اور سفری سہولیات کو مزید محفوظ بنانے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ، رکشوں اور آن لائن کیب سروسز میں QR پینک بٹن کی تنصیب لازمی قرار دیتے ہوئے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور کے مطابق یومِ عاشور کے بعد ایسی تمام گاڑیوں کے خلاف کارروائی شروع کی جائے گی جن میں QR پینک بٹن اور دیگر حفاظتی فیچرز نصب نہیں ہوں گے۔ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مسافروں اور ڈرائیورز کے تحفظ کو یقینی بنانا، ہنگامی حالات میں فوری رسپانس ممکن بنانا اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سفری نظام کو زیادہ محفوظ بنانا ہے۔

حکام کے مطابق ہر ٹریفک سیکٹر میں QR پینک بٹن کی تنصیب کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں جبکہ رکشوں میں اس نظام کی تنصیب کے لیے 12 علیحدہ ٹیمیں بھی کام کر رہی ہیں۔سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ مختلف رکشہ یونینز کے مطالبے پر شہر میں چار نئے لائسنسنگ سینٹرز بھی قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ ڈرائیورز اور گاڑی مالکان کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن ٹیکسی کمپنیوں اور رکشہ یونینز کے نمائندوں کے ساتھ متعدد اجلاس منعقد کیے جا چکے ہیں جن میں حفاظتی نظام کی اہمیت اور اس پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔حکام کے مطابق آن لائن کیب سروسز میں جدید ٹریکنگ سسٹم اور QR پینک بٹن کی تنصیب سے مسافروں اور ڈرائیورز کی مانیٹرنگ مزید مؤثر ہوگی، جس سے جرائم کی روک تھام اور ہنگامی صورتحال میں فوری مدد کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ سی ٹی او لاہور نے واضح کیا کہ جو گاڑیاں حفاظتی اور سکیورٹی فیچرز کو اختیار نہیں کریں گی ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


لاہور ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی یہ اقدامات نہ صرف شہریوں کو محفوظ، بااعتماد اور معیاری سفری سہولیات فراہم کریں گے بلکہ ٹریفک نظم و ضبط، قانون کی عملداری اور شہری تحفظ میں بھی نمایاں بہتری لائیں گے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

ایک تبصرہ برائے “لاہور میں QR پینک بٹن لازمی، ٹرانسپورٹ کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان”

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے