راولپنڈی :(پنجاب پوسٹ)کے علاقے آئی جی پی روڈ کچا سٹاپ کے قریب گزشتہ روز ہونے والی موسلادھار بارش کے دوران برساتی نالے میں گر کر بہہ جانے والے 7 سے 8 سالہ بچے کی لاش طویل سرچ آپریشن کے بعد برآمد کر لی گئی۔ بچے کے نالے میں گرنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ امدادی اداروں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور میں QR پینک بٹن لازمی، ٹرانسپورٹ کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان
ریسکیو اہلکاروں نے کئی گھنٹوں تک مسلسل سرچ آپریشن جاری رکھا اور مختلف مقامات پر نالے کی نگرانی کرتے ہوئے بچے کی تلاش کی۔ طویل جدوجہد کے بعد بچے کی لاش نالے سے نکال لی گئی، جس کے بعد اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ افسوسناک واقعے سے پورے علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی اور شہریوں نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ بارشوں کے موسم میں برساتی نالوں میں پانی کا بہاؤ انتہائی تیز ہو جاتا ہے، جس کے باعث ایسے مقامات پر حفاظتی باڑ، وارننگ سائنز اور دیگر حفاظتی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
دوسری جانب ریسکیو حکام نے شہریوں کو بارشوں کے دوران خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ والدین اپنے بچوں کو برساتی نالوں، ندی نالوں اور تیز بہاؤ والے پانی کے قریب جانے سے روکیں۔ حکام کے مطابق مون سون کے موسم میں معمولی سی غفلت بھی بڑے حادثات کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے شہری حفاظتی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو اداروں سے رابطہ کریں۔








