کیا سی سی ڈی کے قیام نے لاہور میں جرائم کی شرح کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا؟

لاہور: (پنجاب پوسٹ)کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) پنجاب نے لاہور ریجن کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق شہر میں سنگین جرائم کی شرح میں 58 فیصد تک نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ترجمان سی سی ڈی کے مطابق قتل، ڈکیتی، رابری، موٹر سائیکل و گاڑی چوری اور دیگر سنگین جرائم میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔رپورٹ کے مطابق سی سی ڈی کے قیام سے قبل ایک سال کے دوران سنگین جرائم کی 29 ہزار 471 وارداتیں رپورٹ ہوئی تھیں جبکہ قیام کے بعد یہ تعداد کم ہو کر 12 ہزار 470 رہ گئی۔ قتل کی وارداتوں میں 36 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جہاں پہلے ایک سال میں 399 قتل کے واقعات رپورٹ ہوئے تھے، وہیں سی سی ڈی کے قیام کے بعد یہ تعداد 254 تک محدود رہی۔


اعداد و شمار کے مطابق ڈکیتی کی وارداتوں میں 53 فیصد کمی واقع ہوئی۔ سی سی ڈی کے قیام سے قبل ایک سال میں 72 ڈکیتیوں کے واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ بعد ازاں یہ تعداد صرف 34 رہ گئی۔ اسی طرح رابری کی وارداتوں میں 77 فیصد تک کمی دیکھی گئی، جہاں پہلے 8 ہزار 649 وارداتیں رپورٹ ہوتی تھیں، وہاں اب یہ تعداد کم ہو کر ایک ہزار 990 رہ گئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈکیتی کے دوران قتل کی وارداتوں میں 25 فیصد کمی جبکہ زخمی کرنے کے واقعات میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ دورانِ ریپ قتل کے مقدمات میں 100 فیصد کمی سامنے آئی ہے۔ سی سی ڈی کے قیام سے پہلے ایک سال میں ریپ معہ قتل کے 8 مقدمات درج ہوئے تھے جبکہ گزشتہ ایک سال کے دوران ایسا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔موٹر سائیکل سنیچنگ میں 74 فیصد، موٹر سائیکل چوری میں 49 فیصد اور کار چوری کی وارداتوں میں 75 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق سی سی ڈی کے قیام سے قبل ایک سال میں 379 گاڑیاں چوری ہوئی تھیں جبکہ بعد ازاں یہ تعداد کم ہو کر صرف 94 رہ گئی۔


اسی طرح نقب زنی کے واقعات میں بھی 46 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ترجمان سی سی ڈی کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے دوران ایک سال میں سی سی ڈی کا ایک اہلکار شہید جبکہ 46 اہلکار زخمی ہوئے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں جرائم کی شرح میں واضح کمی سی سی ڈی کی مؤثر حکمت عملی اور شاندار کارکردگی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ڈی کے افسران اور جوان اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر پنجاب کو جرائم سے پاک بنانے کے لیے دن رات خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ترجمان نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ عوام کے تعاون سے سنگین جرائم کے خاتمے کی جدوجہد آئندہ بھی جاری رکھی جائے گی

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

2 پر “کیا سی سی ڈی کے قیام نے لاہور میں جرائم کی شرح کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا؟” جوابات

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے