لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ہائیکورٹ میں مسلم لیگ (ن) کی ایم این اے نوشین افتخار کی جانب سے بچوں سے ملاقات کے شیڈول میں تبدیلی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
جسٹس ملک اویس خالد نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ اپیلٹ کورٹ کی جانب سے بچوں سے ملاقات کا جو شیڈول طے کیا گیا ہے اسی پر عملدرآمد کیا جائے۔
سماعت کے دوران عدالت نے مزید کہا کہ چھٹیوں کے بعد اس کیس پر حتمی کارروائی کی جائے گی۔
ایم این اے نوشین افتخار اپنے وکیل راجہ خرم شہزاد کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں، جبکہ ان کے شوہر سید مرتضیٰ امین بھی عدالت میں موجود تھے۔ ان کی جانب سے ایڈووکیٹ عرفان تاڑڑ پیش ہوئے۔
درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ اپیلٹ کورٹ کا ماہ کے پہلے ہفتے میں بچوں سے ملاقات کا فیصلہ غیر منصفانہ ہے، اور استدعا کی گئی کہ عدالت چھٹیوں کے دوران کم از کم 15 روز بچوں سے ملاقات کا حکم دے۔
















