لاہور (پنجاب پوسٹ) ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوغان کی اہلیہ اور خاتونِ اول امینہ ایردوغان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی علالت اور سرجری کی خبر پر نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کرتے ہوئے ایک خصوصی خط ارسال کیا ہے۔
اپنے خط میں امینہ ایردوغان نے کہا کہ مریم نواز شریف کی خرابیٔ صحت اور سرجری کی خبر سن کر انہیں تشویش ہوئی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ وزیراعلیٰ پنجاب کو جلد اور مکمل صحت عطا فرمائے اور انہیں بھرپور توانائی کے ساتھ عوامی خدمت کی ذمہ داریاں ادا کرنے کی توفیق دے۔
امینہ ایردوغان نے اپنے پیغام میں کہا کہ علاج معالجے کے حوالے سے ترکیہ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے اور اس مشکل وقت میں وہ مریم نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہیں۔
خاتونِ اول ترکیہ نے اپنے خط میں پاکستان کے عوام کے لیے بھی خیرسگالی، محبت اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو سراہا۔
انہوں نے مریم نواز شریف کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوستی کے رشتے کو مزید مستحکم بنانے کی امید ظاہر کی۔
















