لاہور (پنجاب پوسٹ) ایوان صنعت و تجارت میں پاکستان اور چین کی سفارتی دوستی کے 75ویں سال کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان میں چین کے قونصل جنرل سن یان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں لاہور ایوان صنعت و تجارت کے صدر فہیم الرحمان سہگل، سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، نائب صدر خرم لودھی اور دیگر کاروباری شخصیات نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔
صدر فہیم الرحمان سہگل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات نہایت مضبوط اور دیرینہ ہیں جو صرف دوستی تک محدود نہیں بلکہ پاکستان کی معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ تعاون نے پاکستان کے دفاع اور اقتصادی استحکام کو مزید مضبوط بنایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مئی 2025 میں پاکستان نے اپنے دفاع کا بھرپور مظاہرہ کیا جبکہ خطے میں امن کے فروغ کے لیے بھی اہم کردار ادا کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ چین نے پاکستان میں کاروباری مواقع بڑھانے، سرمایہ کاری کے فروغ اور عوامی سطح پر روابط کو مضبوط بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان زراعت، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں تعاون مسلسل بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیکنالوجی ٹرانسفر سمیت متعدد اہم معاہدوں اور یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر مقررین نے پاک چین دوستی کو “سمندروں سے گہری، پہاڑوں سے بلند اور شہد سے میٹھی” قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔
















