لاہور: (پنجاب پوسٹ)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے تیسرا مسلسل سرپلس بجٹ پیش کرکے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے، جو صوبائی حکومت کی مؤثر مالی حکمت عملی اور بہتر گورننس کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں تعلیم، صحت اور سماجی بہبود کے شعبوں کو خصوصی ترجیح دی گئی ہے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی مزید بہتر بنائی جا سکے۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب کا کسان دوست بجٹ ریلیف اقدامات کے حوالے سے ملک بھر میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔ حکومت زرعی شعبے کی ترقی، کسانوں کی معاونت اور دیہی معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کا ترقیاتی بجٹ صرف کاغذی دعووں تک محدود نہیں بلکہ اس کے اثرات صوبے کے مختلف اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی صورت میں واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے ترقیاتی منصوبوں کو اسی رفتار سے جاری رکھے گی اور عوامی فلاح کے پروگراموں میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ "اپنی چھت اپنا گھر”، "ستھرا پنجاب”، "آسان کاروبار” سمیت متعدد تاریخی منصوبے کامیابی سے جاری ہیں اور ان کے مثبت نتائج عوام تک پہنچ رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ کے لیے الیکٹرک بسوں کا نیٹ ورک پنجاب کی 147 تحصیلوں تک توسیع دیا جائے گا، جس سے عوام کو سستی، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی کا سفر صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں بلکہ اٹک، وہاڑی، رحیم یار خان اور دیگر دور دراز علاقوں تک بھی پہنچ چکا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبے کے تمام اضلاع میں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان ترقی کا فرق کم کیا جا سکے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مریم نواز نے مختصر عرصے میں ماضی کی محرومیوں کا ازالہ کرتے ہوئے عوامی خدمت اور ترقی کے نئے معیار قائم کیے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ عوام نے سیاسی شعبدہ بازی، احتجاجی سیاست اور دھرنوں کے مقابلے میں خدمت، کارکردگی اور ترقی کی سیاست کو ترجیح دی ہے۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کے طرز حکمرانی اور عوامی فلاحی اقدامات کی وجہ سے عوام میں ان کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔









ایک تبصرہ برائے “پنجاب میں ترقی کا سفر تیز، تیسرا سرپلس بجٹ حکومت کی مالی کامیابی کا ثبوت ہے: عظمیٰ بخاری”
[…] یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں ترقی کا سفر تیز، تیسرا سرپلس بجٹ … […]