جناح ہسپتال لاہور میں ڈینگی آگاہی واک، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ماحول کو صاف رکھنے کی تلقین


لاہور:(پنجاب پوسٹ) ڈینگی کے ممکنہ خطرات سے عوام کو آگاہ کرنے اور انسدادِ ڈینگی مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جناح ہسپتال لاہور میں ایک خصوصی آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کی قیادت پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج و جناح ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر طیبہ وسیم نے کی، جبکہ اس موقع پر طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔واک کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ڈینگی سے بچاؤ، صفائی کی اہمیت اور احتیاطی تدابیر سے متعلق پیغامات درج تھے۔ شرکاء نے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے مختلف نعرے بھی لگائے اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے گھروں، دفاتر اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکا جا سکے۔


اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر طیبہ وسیم نے کہا کہ ڈینگی ایک خطرناک مگر قابلِ روک تھام بیماری ہے، جس سے بچاؤ کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری اپنے گھروں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں، ٹینکیوں اور واٹر کولرز کو ڈھانپ کر رکھیں، مچھر دانی کا استعمال کریں اور مکمل بازو والے کپڑے پہننے کو معمول بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جناح ہسپتال میں ڈینگی کے مریضوں کے علاج کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل ہیں، تاہم بیماری سے بچاؤ ہی سب سے مؤثر حکمت عملی ہے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جناح ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر معین نے کہا کہ ہسپتال کی طبی ٹیمیں چوبیس گھنٹے الرٹ ہیں اور ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کی فوری تشخیص اور علاج کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ بخار، جسم درد، آنکھوں کے پیچھے درد یا دیگر علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر مستند طبی مرکز سے رجوع کریں اور خود سے ادویات استعمال کرنے سے گریز کریں۔
واک کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈینگی کے خلاف آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور عوام کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ترغیب دی جاتی رہے گی تاکہ شہر کو ڈینگی سے محفوظ رکھا جا سکے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے