لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کے نتیجے میں ہونے والے ایران۔امریکہ امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے عالمی امن کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں مریم نواز شریف نے کہا کہ "پاکستان ہمیشہ زندہ باد، امن ہمیشہ پائندہ باد”۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ رہے گی کہ پاکستان نے دنیا کو معاشی تباہی، خونریزی اور عالمی بحران سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی عالمی سفارت کاری نے دنیا میں امن کا نیا سورج طلوع کیا ہے اور ملک کی سیاسی، عسکری اور سفارتی قیادت شاندار خراجِ تحسین کی مستحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب سمیت پورا پاکستان وزیراعظم شہباز شریف، عاصم منیر اور اسحاق ڈار کو سلام پیش کرتا ہے، جنہوں نے پاکستان کا سر دنیا بھر میں فخر سے بلند کیا۔
مزید پڑھیں: امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے، پاکستان کی سفارتی کوششیں رنگ لے آئیں
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تاریخ یاد رکھے گی کہ جب دنیا کو پاکستان کی ضرورت پڑی تو پاکستان نے مایوس نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کامیابی پر ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہے اور ملکی قیادت نے جنگ کے شعلوں کو مذاکرات کی روشنی میں بدل دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان نے دنیا کو ممکنہ معاشی بحران سے بچا کر انسانیت کی عظیم خدمت انجام دی ہے اور آج پاکستان پوری دنیا کے لیے امن، تدبر اور ذمہ دار قیادت کی مثال بن چکا ہے۔














