وہاڑی (پنجاب پوسٹ) نواحی علاقے گڑھا موڑ میں 15 سالہ کم عمر لڑکی کی شادی پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دلہا سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا، جبکہ دلہن، اس کی والدہ اور نکاح خواں موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق گڑھا موڑ کے نواحی گاؤں لالیاں والی بھینی میں 92 ڈبلیو بی کے رہائشی 34 سالہ محمد عامر بھٹی کی 106 ڈبلیو بی کی رہائشی 15 سالہ لڑکی زنیرا سے شادی کی تقریب جاری تھی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر چھاپہ مار کر رخصتی سے قبل دلہا، دلہے کے والد اور دلہن کے والد کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تقریب میں رش ہونے کے باعث دلہن، اس کی والدہ اور نکاح خواں قاری آصف موقع سے فرار ہو گئے، جن کی تلاش جاری ہے۔
تھانہ گڑھا موڑ پولیس نے چائلڈ میرج ایکٹ کی خلاف ورزی کے الزام میں مقدمہ نمبر 208/26 درج کر کے گرفتار ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
ایس ایچ او تھانہ گڑھا موڑ نے بتایا کہ کم عمر لڑکی کی شادی قانوناً جرم ہے اور اس میں ملوث تمام افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فرار ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔














