ملتان(پنجاب پوسٹ) فاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے ملتان ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی این او سی کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔ ایف آئی اے کے مطابق محسن علی نامی مسافر فلائٹ نمبر PA-812 کے ذریعے متحدہ عرب امارات روانہ ہو رہا تھا۔
ابتدائی جانچ پڑتال کے دوران مسافر کی جانب سے پیش کیا گیا این او سی مشکوک پایا گیا، جس کی تصدیق پر دستاویز جعلی ثابت ہوئی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق محسن علی ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی وہاڑی میں بطور وارڈ سرونٹ فرائض انجام دے رہا ہے اور سرکاری ملازم ہونے کے باعث بیرون ملک سفر کے لیے این او سی پیش کرنا ضروری تھا۔تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ جعلی این او سی مبینہ طور پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی وہاڑی میں تعینات نوید عمران نامی اہلکار کی مدد سے تیار کروایا گیا تھا۔ ایف آئی اے نے مسافر کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کر دیا ہے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے ملتان زون عطاء الرحمان نے کارروائی کرنے والی امیگریشن ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جعلی دستاویزات کے ذریعے بیرون ملک سفر کی کوششوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ بیرون ملک سفر کے لیے ہمیشہ قانونی طریقہ اختیار کریں اور اپنی ذاتی یا سرکاری دستاویزات غیر متعلقہ افراد کے حوالے نہ کریں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے نے عوام سے ویزا فراڈ یا جعلی دستاویزات سے متعلق کسی بھی معلومات کی فوری اطلاع ایف آئی اے کو دینے کی اپیل بھی کی۔














