یو ای ٹی لاہور کے دو نئے کاروباری منصوبوں کو 11 کروڑ 50 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری حاصل

لاہور( پنجاب پوسٹ)انجینیئرنگ و ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور کے دو نئے کاروباری منصوبوں نے مجموعی طور پر 11 کروڑ 50 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری حاصل کر لی، جسے یونیورسٹی کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے خصوصی شرکت کی، جبکہ وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے یونیورسٹی کے جدید تحقیقی اور ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ یونیورسٹی اور صنعت کے درمیان مضبوط روابط کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی لاہور کے منصوبے پاکستان کے جدید اور مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کر رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق "ایکو ٹی ایم آئی” نامی منصوبے نے نجی شعبے سے 9 کروڑ 50 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری حاصل کی، جبکہ اسے باقاعدہ طور پر یو ای ٹی لاہور کی ذیلی کمپنی کا درجہ بھی دے دیا گیا۔

دوسری جانب "آواز ڈیجیٹل مرکز” نے حکومتی سطح پر 2 کروڑ روپے کی مالی معاونت حاصل کی اور صوبائی سطح کے مقابلے میں کامیاب قرار پایا۔وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ جامعات میں ہونے والی تحقیق کو تجارتی کامیابی میں تبدیل کرنا ممکن ہے اور یہ کامیابی پاکستان کے علمی و تحقیقی شعبے کے لیے حوصلہ افزا مثال ہے۔

یہ بھی پڑھیں : جعلی این او سی پر سرکاری ملازم کی یو اے ای روانگی کی کوشش ناکام، ایف آئی اے نے ملتان ائیرپورٹ پر آف لوڈ کر دیا

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت پنجاب نوجوان اختراع کاروں اور نئے کاروباری منصوبوں کی بھرپور حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔ ان کے مطابق یو ای ٹی لاہور مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت کے میدان میں قومی مرکز کے طور پر ابھر رہی ہے اور اس کے منصوبے ملکی معیشت اور ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ 11 کروڑ 50 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری یو ای ٹی لاہور کی تاریخ میں ایک نمایاں کامیابی ہے، جو ملک میں تحقیق اور جدت کے فروغ کے لیے نیک شگون ثابت ہوگی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے