چکوال: ڈکیتی کی واردات، کار پر ملزمان کی فائرنگ سے 9 سالہ بچی جاں بحق، باپ بیٹا شدید زخمی

چکوال (پنجاب پوسٹ) تھانہ سٹی کی حدود میں ڈکیتی کی ایک افسوسناک واردات کے دوران مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 9 سالہ معصوم بچی جان کی بازی ہار گئی جبکہ اس کا والد اور بھائی شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس نے قتل اور ڈکیتی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی تیز کر دی ہے۔

پولیس کو دیے گئے مدعی کے بیان اور درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق آسٹریلیا میں مقیم اوورسیز پاکستانی عدیل احمد اپنی اہلیہ، 10 سالہ بیٹے عفان احمد اور 9 سالہ بیٹی حانیہ احمد کے ہمراہ کرائے کی گاڑی میں اپنے عزیزوں سے ملاقات کے لیے جا رہے تھے۔

رات تقریباً 11 بج کر 40 منٹ پر جب وہ تھانہ سٹی کے علاقے میں رکے تو دو نامعلوم مسلح افراد نے انہیں اسلحے کے زور پر روک لیا اور ملزمان نے عدیل احمد کی اہلیہ سے طلائی زیورات چھین لیے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق زیورات چھیننے کے دوران فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا اور مسلح ملزمان نے گاڑی کی آڑ لے کر متعدد فائر کیے۔ اس خوفناک صورتحال میں عدیل احمد نے اپنے اہل خانہ کی جان بچانے کے لیے موقع سے گاڑی نکالنے کی کوشش کی تاہم اس کوشش کے دوران ان کی گاڑی کو مختلف اطراف سے گولیاں لگیں۔

اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار عدیل احمد، ان کا بیٹا عفان اور بیٹی حانیہ شدید زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (DHQ) ہسپتال چکوال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال میں 9 سالہ حانیہ احمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ عدیل احمد اور ان کا بیٹا عفان ہسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ خوش قسمتی سے عدیل احمد کی اہلیہ اس فائرنگ میں محفوظ رہیں۔
چکوال پولیس نے واقعے کا مقدمہ تعزیرات پاکستان کی سنگین دفعات 302، 394 اور 440 کے تحت درج کر لیا ہے۔ واقعے کی سائنسی بنیادوں پر تفتیش کے لیے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (PFSA) اور کرائم سین یونٹ کو طلب کر لیا گیا ہے جنہوں نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کیے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کی روشنی میں واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور فرار ہونے والے ملزمان کی جلد گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے