مظفرآباد ہیلی کاپٹر حادثہ: شاہ کوٹ کا بہادر سپوت محمد خالد غفور فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک

شاہ کوٹ: (پنجاب پوسٹ)مظفرآباد میں پیش آنے والے افسوسناک ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے پاکستان رینجرز کے جوان محمد خالد غفور کو ان کے آبائی گاؤں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔ شہید کی نمازِ جنازہ میں اعلیٰ فوجی حکام، سول انتظامیہ کے نمائندوں، عزیز و اقارب اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور وطن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے سپوت کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ذرائع کے مطابق شہید محمد خالد غفور مظفرآباد میں ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کے دوران پیش آنے والے حادثے میں جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔ ان کی شہادت کی خبر علاقے میں پہنچتے ہی فضا سوگوار ہو گئی اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد اپنے بہادر بیٹے کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے جمع ہو گئی۔

نمازِ جنازہ کے موقع پر شرکاء نے شہید کی وطن سے محبت، بہادری اور پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ محمد خالد غفور نے ملک و قوم کی حفاظت کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے عظیم قربانی دی ہے۔ فوجی حکام نے شہید کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔نمازِ جنازہ کے بعد پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کی قبر پر گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر شہید کو سلامی دی گئی جبکہ فوجی اور سول حکام نے قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔ شہید کی تدفین پورے فوجی اعزاز کے ساتھ کی گئی جبکہ حاضرین نے "شہید کی جو موت ہے، وہ قوم کی حیات ہے” کے نعرے بھی لگائے۔

شہید محمد خالد غفور کی قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے