لاہور (پنجاب پوسٹ) حکومت پنجاب کے وزیراعلیٰ اعزازیہ پروگرام برائے امام مسجد صاحبان کے تحت جنوری 2026 سے اب تک ساڑھے 14 ارب روپے فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ صوبے بھر میں 76 ہزار سے زائد مساجد کی رجسٹریشن مکمل کر لی گئی ہے اور مساجد کی جیو ٹیگنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب میں اعزازیہ پروگرام کی سٹیئرنگ کمیٹی کا پانچواں اجلاس صوبائی وزیر اور چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پروگرام کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور بینک آف پنجاب اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو آن لائن ایپلی کیشن سے متعلق معاملات فوری حل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس کو سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، سی ای او سنٹر برائے انسدادِ دہشتگردی غلام صغیر شاہد، ڈی جی پی آئی ٹی بی سید قاسم افضل، ہیڈ ٹرانزیکشن بینک آف پنجاب شرجیل رضا خان، چیف ایگزیکٹو آفیسر چیریٹیز کمیشن کرنل شہزاد امیر، ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل انیشی ایٹو نشا اشتیاق، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی جویریہ مقبول، ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف نبیلہ جاوید، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، ایس ایس پی سپیشل برانچ صاحبزادہ عمر بلال، ڈپٹی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کامران افضل اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: شیخوپورہ میں ضلعی انتظامیہ اچانک متحرک کیوں ہوگئی؟ کیا بڑا ہونے والا ہے ؟
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت پنجاب امام مسجد صاحبان کے اعزازیہ پروگرام کے تحت ہر سال 20 ارب روپے سے زائد فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے مثبت اثرات آنے والی نسلوں تک پہنچیں گے اور اس عمل کو مکمل کرنے والے تمام متعلقہ محکمے اور افسران شاباش کے مستحق ہیں۔
خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ صوبے بھر کی مساجد کی رجسٹریشن ایک بڑا چیلنج تھا، جسے محکمہ داخلہ نے احسن طریقے سے مکمل کیا۔ انہوں نے معاشرے میں قیام امن کے لیے امام مسجد صاحبان کے منبر و محراب کے کردار کو بھی اہم قرار دیا۔
سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ اعزازیہ پروگرام کی مکمل نگرانی یقینی بنا رہا ہے اور اعزازیہ کی فراہمی کے نظام کو انتہائی شفاف اور آسان بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آن لائن پورٹل پر موصول ہونے والی مختلف شکایات کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کے مطابق محکمہ داخلہ امام مسجد صاحبان کے سوالات کے بروقت جوابات دینے کے لیے چیٹ بوٹ بھی متعارف کروا رہا ہے، تاکہ پروگرام سے متعلق معلومات اور رہنمائی کی فراہمی مزید آسان بنائی جا سکے۔













