لاہور :(پنجاب پوسٹ)سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والی تیز آندھی، گرج چمک اور موسلادھار بارش کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع میں پیش آنے والے مختلف حادثات میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 45 افراد زخمی ہو گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق لاہور، قصور، جھنگ، فیصل آباد، اوکاڑہ، چیچہ وطنی اور پاکپتن میں آندھی اور بارش کے دوران درخت گرنے، دیواریں اور چھتیں منہدم ہونے اور سائن بورڈز گرنے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے۔ حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں خراب موسم کے باعث مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوئے۔ ریسکیو ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھیں جبکہ ضلعی انتظامیہ نے عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کی۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں شدید طوفانی بارش اور تیز ہواؤں کے باعث کئی مقامات پر بڑے درخت جڑوں سمیت اکھڑ گئے، جبکہ بجلی کے متعدد پول گرنے سے کئی فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ بجلی کی بندش کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مختلف حادثات میں 4 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
دوسری جانب لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے زیر انتظام علاقوں میں آندھی اور بارش کے باعث بجلی کی ترسیلی لائنوں اور فیڈرز کو نقصان پہنچا، جس سے لاہور اور گردونواح کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ لیسکو حکام کے مطابق فیلڈ ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کام میں مصروف ہیں اور بجلی کی فراہمی مرحلہ وار بحال کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے امکانات ظاہر کیے ہیں اور شہریوں کو کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور درختوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے















