لاہور(پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے پاکپتن کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں پاکپتن کے عوامی مسائل، شہری و دیہی ترقی، جاری منصوبوں اور علاقے کی ضروریات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں فاروق احمد مانیکا، چودھری جاوید احمد، عمران اکرم اور سردار منصب علی ڈوگر شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی نے پاکپتن میں اربن اور رورل ڈویلپمنٹ سے متعلق مختلف تجاویز وزیراعلیٰ مریم نواز کے سامنے پیش کیں۔ ارکان اسمبلی نے علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات کے حوالے سے بھی وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔
ارکان اسمبلی نے پاکپتن میں الیکٹرو بس سروس کے اجراء اور دیگر ترقیاتی منصوبے شروع کرانے پر وزیراعلیٰ مریم نواز سے اظہار تشکر کیا۔ ارکان اسمبلی نے الیکٹرو بس منصوبے کو دہائی کا گیم چینجر منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکپتن میں 15 الیکٹرو بسیں شہریوں کو معیاری سفری سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔
ارکان اسمبلی کے مطابق ای بس سروس شہر کے 3 بڑے روٹس پر شہریوں کے لیے آسانی اور سہولت کا باعث بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرو بس سروس سے شہریوں کو جدید اور بہتر سفری سہولیات میسر آئی ہیں۔
ملاقات میں ارکان اسمبلی نے پاکپتن شہر کی بیوٹیفکیشن کے اقدامات پر بھی وزیراعلیٰ مریم نواز اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا ساہیوال میں 14 مزید الیکٹروبسیں مہیا کرنے کا اعلان
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کے معیار، رفتار اور شفافیت پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکپتن سمیت پنجاب کے ہر شہر اور گاؤں کی ترقی اور بہتری حکومت کا نصب العین ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ برسوں سے نظر انداز رہنے والا پاکپتن بھی ترقی کی راہوں پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر شہر اور ہر علاقے کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی خود مانیٹرنگ کر رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب کو بہتر سے بہترین صوبہ بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں اور ترقیاتی منصوبوں میں معیار، رفتار اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔













