لاہور: (پنجاب پوسٹ)محکمہ موسمیات نے پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال کے حوالے سے اہم پیشگوئی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہفتے کے روز صوبے کے متعدد اضلاع میں تیز ہواؤں، آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری اور موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کر رہا ہے جس کے باعث پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسم غیر مستحکم رہنے کا امکان ہے۔ لاہور، راولپنڈی، مری، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، قصور، ساہیوال اور چنیوٹ سمیت متعدد شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
مزید پڑھیں:ملک بھر میں آندھی اور بارش کا قہر، مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق، 45 زخمی
رپورٹ کے مطابق مری، گلیات اور بالائی پنجاب کے پہاڑی علاقوں میں بارش کا امکان نسبتاً زیادہ ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں چند مقامات پر شدید بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور آندھی کے باعث کمزور عمارتوں، بجلی کی تاروں، درختوں اور اشتہاری بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر، لیہ، بہاولنگر، ملتان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور تونسہ سمیت جنوبی اور مغربی پنجاب کے بعض علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم صوبے کے بیشتر اضلاع میں دن کے اوقات میں گرمی اور حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کسانوں کو فصلوں کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے جبکہ شہریوں کو آندھی اور گرج چمک کے دوران غیر ضروری طور پر کھلے مقامات پر جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ متعلقہ اداروں کو بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔















