لاہور: (پنجاب پوسٹ)شدید آندھی اور بارش کے باعث لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی جلد بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔ترجمان لیسکو کے مطابق شالامار کے مختلف علاقوں میں 11 کے وی اور 132 کے وی لائنوں پر درخت گرنے کے باعث متعدد فیڈرز متاثر ہوئے، جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔ اسی طرح ٹاؤن شپ کے ایک علاقے میں پارکنگ شیڈ 11 کے وی لائن پر گرنے سے بھی بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:داتا دربار روڈ حادثہ: سات سالہ بچی جاں بحق، فرار ڈرائیور 8 گھنٹوں میں گرفتار
ترجمان کا کہنا ہے کہ قصور اور اوکاڑہ سرکل میں بھی آندھی اور بارش کے دوران درخت گرنے کے متعدد واقعات پیش آئے، جس کے باعث کئی فیڈرز متاثر ہوئے اور بجلی کی فراہمی میں تعطل پیدا ہوا۔لیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد رمضان بٹ کنٹرول روم میں موجود رہ کر صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ ڈائریکٹر کسٹمر سروسز عباس علی بھی کنٹرول روم میں موجود ہیں۔ چیف انجینیئر آپریشن اینڈ مینٹیننس ندیم ملک اور ایس ای تھرڈ سرکل عمر بلال آپریشنل سٹاف کے ہمراہ فیلڈ میں متحرک ہیں اور بحالی کے کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ترجمان لیسکو کے مطابق تمام آپریشنل ٹیمیں الرٹ ہیں اور متاثرہ علاقوں میں بجلی کی جلد از جلد بحالی کے لیے سرگرم عمل ہیں۔لیسکو نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بجلی کی تنصیبات، ٹوٹے ہوئے تاروں اور کھمبوں سے محفوظ فاصلہ رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال یا شکایت کی صورت میں لیسکو ہیلپ لائن یا متعلقہ دفاتر سے فوری رابطہ کریں۔ترجمان لیسکو نے مزید کہا کہ بجلی بحالی کے کاموں کے دوران شہری حفاظتی ہدایات پر عمل کریں اور عملے سے تعاون کریں تاکہ بحالی کا عمل جلد مکمل کیا جا سکے۔















