لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وہ بطور وزیر اطلاعات بہت ذمہ داری سے کہہ چکی ہیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اپنے لندن دورے کے تمام اخراجات خود ادا کریں گی۔ انہوں نے تنقید کرنے والوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لندن روانگی سے قبل ہی واضح ہدایت کر دی تھی کہ اپنے اس دورے کے تمام اخراجات وہ خود برداشت کریں گی۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے لندن سے وطن واپس پہنچنے سے پہلے ہی تنقید کے شوقین طبقے نے بغیر حقائق جانے پروپیگنڈا شروع کر دیا۔ دورہ ختم ہونے کے بعد اخراجات کا تخمینہ لگایا جاتا اور پھر ادائیگی کی جاتی ہے، سرکاری نظام میں ہر چیز قانونی ضوابط اور طریقہ کار کے تحت چلتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید فروغ دینے کیلئے کوشاں، عظمیٰ بخاری
انہوں نے کہا کہ پہلے اخراجات کا تخمینہ لگایا جاتا ہے اور چالان کے ذریعے ادائیگی ہوتی ہے، یہ کوئی ایزی پیسہ یا جاز کیش نہیں کہ سفر ختم ہونے سے پہلے ہی بٹن دبا کر حساب سامنے رکھ دیا جائے۔ ابھی دورہ مکمل ہی نہیں ہوا تھا اور پروپیگنڈا پہلے شروع ہو گیا تھا۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ جو خود قوم کے اربوں روپے ہوا میں اڑا کر عیاشیاں کرتے رہے، وہ آج پاک دامن بننے کی سستی اداکاری کر رہے ہیں۔ جن کا اپنا دامن کرپشن کے داغوں سے بھرا پڑا ہے، انہیں دوسروں پر اونگھتے میں بھی الزامات لگاتے ہوئے شرم کرنی چاہیے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ شرمندگی اور ذلت برداشت کرنے کے لیے ایک مرتبہ پھر تیار ہو جائیں، تھوڑا سا انتظار اور۔













