لاہور(پنجاب پوسٹ) عیدالاضحیٰ کے ایام میں پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں قانون شکن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف جرائم میں ملوث 160 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق غیر قانونی طور پر جانوروں کی کھالیں جمع کرنے کے الزام میں 22 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ جبکہ لاہور سمیت صوبے بھر میں ون ویلنگ کرنے والے 31 افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 17 مقدمات درج کیے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ ہوائی فائرنگ میں ملوث 10 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے اور ناجائز اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ اسی طرح اسلحہ کی نمائش کے ذریعے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کے جرم میں 17 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
مزید پڑھیں: عید الاضحیٰ کا اختتام ،پنجاب بھر سے کتنے ورکرز نے کتنی آلائشیں اٹھائیں؟
پنجاب پولیس نے لاوڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر بھی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے 80 ملزمان کو گرفتار کیا اور 83 مقدمات درج کیے۔
انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے عید کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے قانون شکن اور ملک دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔














