بڑی عید پر بڑے کھابے ، 20ہزار لاہوری ہسپتال پہنچ گئے

لاہور( پنجاب پوسٹ ) عیدالاضحیٰ کے دوران گوشت کے زیادہ استعمال اور بے احتیاطی کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد ڈائریا، گیسٹرو اور معدے کی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوگئی۔ گزشتہ دو روز کے دوران شہر کے چھ بڑے سرکاری ہسپتالوں میں 20 ہزار سے زائد مریضوں نے علاج کیلئے رجوع کیا۔

اعداد و شمار کے مطابق میو ہسپتال میں گزشتہ روز سے اب تک 35 سو سے زائد مریض رپورٹ ہوئے جبکہ جناح ہسپتال میں 2 ہزار سے زائد اور سروسز ہسپتال میں 18 سو سے زائد مریض زیر علاج لائے گئے۔ اسی طرح جنرل ہسپتال اور گنگا رام ہسپتال میں بھی 15 سو سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق بے احتیاطی، گوشت کا زیادہ استعمال اور غیر متوازن خوراک شہریوں میں معدے کے امراض میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔ ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ گوشت کو دالوں اور سبزیوں کے ساتھ استعمال کیا جائے جبکہ سلاد، دہی، سبزیوں اور لیموں کا استعمال بھی معمول بنایا جائے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک وقت میں 2 سے 3 چھوٹے ٹکڑوں سے زیادہ گوشت کھانے سے گریز کیا جائے کیونکہ باربی کیو اور چکنائی والے گوشت کا زیادہ استعمال کولیسٹرول میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔

ماہرین نے شوگر، ہائی بلڈ پریشر، یورک ایسڈ اور دل کے مریضوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذیابیطس کے مریض کم اور بغیر چکنائی والا گوشت استعمال کریں اور میٹھے مشروبات سے پرہیز کریں جبکہ ہائی بلڈ پریشر اور دل کے مریض مصالحہ دار، چکنائی والے گوشت اور کلیجی کے استعمال سے حتی الامکان اجتناب کریں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

ایک تبصرہ برائے “بڑی عید پر بڑے کھابے ، 20ہزار لاہوری ہسپتال پہنچ گئے”

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے