ثقافتی ورثے کا تحفظ سیاسی نہیں بلکہ معاشرتی اور تہذیبی ترقی کا معاملہ ہے، اسپیکر پنجاب اسمبلی کا بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب

لاہور(پنجاب پوسٹ)اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ ثقافتی ورثے کا تحفظ سیاسی نہیں بلکہ معاشرتی اور تہذیبی ترقی کا معاملہ ہے۔ وہ نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے) لاہور میں ای سی او ممالک کی آرٹس یونیورسٹیوں کے سربراہان کے دوسرے بین الاقوامی اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے این سی اے کی کوششوں کو قابل تحسین قرار دیا۔

افتتاحی تقریب میں سابق اٹارنی جنرل پاکستان اشتر اوصاف علی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ای سی او کے دس رکن ممالک کے ساتھ ساتھ فلسطین اور مصر کے نمائندے بھی شریک ہیں۔

این سی اے لاہور، ای سی او کلچرل انسٹی ٹیوٹ اور ایران یونیورسٹی آف آرٹ کے اشتراک سے منعقد ہونے والا یہ تین روزہ اجلاس 28 سے 30 نومبر تک جاری رہے گا۔ اجلاس کے مرکزی موضوعات میں مشترکہ ثقافتی ورثے کا تحفظ، اس کی تشریح اور ثقافتی سیاحت شامل ہیں۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے خطاب میں کہا کہ تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے مضبوط قانونی ڈھانچہ اور مؤثر پالیسی ناگزیر ہے، جبکہ صرف انتظامی اقدامات اس مقصد کے لیے کافی نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت کو بھی تاریخی ورثے کے تحفظ کے قوانین پر عمل درآمد کا پابند ہونا چاہیے، اور عمل درآمد میں ناکامی کی صورت میں اسے بھی جواب دہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔

اجلاس کے دوران علاقائی ثقافتی روابط کو فروغ دینے پر غور کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ آرٹس یونیورسٹیوں کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون، طلبہ و اساتذہ کے تبادلوں اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں پر بھی مشاورت ہو گی۔

این سی اے کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری نے اس موقع پر علاقائی ثقافتی روابط مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے