لاہور ( پنجاب پوسٹ ) لاہور اس وقت ملکی سیاست کا مرکز بن چکا ہے ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری کی چوبیس گھنٹوں میں دوسری اہم ملاقات کا امکان ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے ہیں جہاں ان کی صدر مملکت سے ملاقات متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے لاہور پہنچے۔ وہ وفاقی دارالحکومت سے اپنی اہم مصروفیات کے سلسلے میں لاہور پہنچے ہیں، جہاں ان کی آمد کے حوالے سے تمام ضروری انتظامات پہلے سے مکمل کر لیے گئے تھے۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی صوبائی دارالحکومت میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق اس اہم ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ صورتحال اور دیگر اہم حکومتی و سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گذشتہ شب صدر مملکت آصف علی زرداری کی سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات ہوئی ۔
ملاقات میں قومی معاملات اور سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، وفاقی وزرا محسن نقوی اور چودھری سالک حسین، صوبائی وزیر چودھری شافع حسین، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم بھی شریک تھے










