بہاولنگر (پنجاب پوسٹ)تھانہ مدرسہ پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پانچ سال قبل 2021 میں اغواء ہونے والی تین خواتین کو بحفاظت بازیاب کروا لیا ہے۔ بازیاب ہونے والوں میں ماں ممتاز بی بی، اس کی بیٹی رابعہ اور نواسی شامل ہیں۔ پولیس کی اس کارروائی پر متاثرہ خاندان نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پانچ سال قبل ارشاد نامی شخص نے تھانہ مدرسہ میں اپنی اہل خانہ کے اغواء کا مقدمہ درج کروایا تھا۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد سے خواتین کا کوئی سراغ نہیں مل رہا تھا اور اہل خانہ مسلسل ان کی تلاش میں تھے۔
یہ بھی پڑھیں:چیچہ وطنی ، بے زبان جانور کو زخمی کرنے کے واقعہ پر پولیس کا فوری ایکشن، ملزم گرفتار
پانچ سال بعد پولیس کو مغوی خواتین کے حوالے سے اہم سراغ ملا، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس ٹیم نے اوکاڑہ میں چھاپہ مارا۔ تحقیقات میں معلوم ہوا کہ تینوں خواتین اوکاڑہ میں ایک خانہ بدوش قبیلے کے ساتھ رہائش پذیر تھیں۔ پولیس کے مطابق یہ خواتین کوئٹہ سے اوکاڑہ پہنچی تھیں۔
پولیس نے تینوں خواتین کو تحویل میں لے کر بحفاظت بہاولنگر منتقل کیا اور قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اغواء کے محرکات اور اس میں ملوث عناصر کا تعین کیا جا سکے۔
پانچ سال سے لاپتہ خواتین کی بازیابی کی خبر ملتے ہی اہل خانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ لواحقین اور اہل علاقہ نے پولیس کی اس شاندار کارروائی پر اسے خراج تحسین پیش کیا اور اس کی کارکردگی کو سراہا۔









