ٹرانسپورٹ سیفٹی، حادثات اور اسموگ کے خدشات، پنجاب میں سکول ٹرپس پر پابندی، 50 کلومیٹر سے زائد فاصلے کے مطالعاتی دورے ممنوع قرار

لاہور(پنجاب پوسٹ)محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے طلبہ کی حفاظت، ٹرانسپورٹ سیفٹی اور سردیوں میں اسموگ و دھند کے خدشات کے پیش نظر صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی سکولوں کے لیے 50 کلومیٹر سے زائد فاصلے پر سکول ٹرپس اور مطالعاتی دوروں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نوٹیفکیشن کے تحت پابندی کا اطلاق پورے صوبے کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں پر یکساں طور پر ہوگا۔ نئی ہدایات کے مطابق تعلیمی ادارے صرف اپنے متعلقہ ضلع کے اندر یا زیادہ سے زیادہ 50 کلومیٹر کے دائرے میں ہی تفریحی یا مطالعاتی دوروں کا اہتمام کر سکیں گے۔ اس حد سے تجاوز کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیز کے سی ای اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ غفلت یا خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افسران اور سکول سربراہان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ حالیہ عرصے میں سکولوں کے ٹرپس اور دوروں کے دوران پیش آنے والے ٹریفک حادثات، ٹرانسپورٹ سیفٹی کے خدشات اور سردیوں میں بڑھتی ہوئی اسموگ و دھند کے باعث کیا گیا۔ حالیہ مہینوں میں طلبہ کو لے جانے والی گاڑیوں کے حادثات اور آتشزدگی کے واقعات نے طویل فاصلے کے دوروں میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کی حالت اور حفاظتی انتظامات پر سنجیدہ سوالات اٹھائے ہیں۔ اس کے علاوہ سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی اسموگ اور دھند کے باعث حدِ نگاہ کم ہونے اور فضائی آلودگی میں اضافے سے صبح سویرے سفر کرنے والے بچوں کی صحت کو لاحق خطرات بھی اس اقدام کی اہم وجہ بنے ہیں۔

پنجاب میں سکول ٹرپس کے حوالے سے حفاظتی ضوابط اور ہدایات پہلے بھی جاری کی جا چکی ہیں، جن کے تحت:

  • دوروں کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں کے پاس درست فٹنس سرٹیفکیٹ اور کمرشل پرمٹ ہونا لازمی ہے۔
  • اوور لوڈنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔
  • دورے کے انعقاد سے قبل متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سے پیشگی منظوری اور والدین کی تحریری اجازت حاصل کرنا ضروری ہے۔
  • ہر 15 طلبہ کے لیے کم از کم ایک استاد کی موجودگی لازمی ہے۔
  • سینئر استاد کی نگرانی، فرسٹ ایڈ کٹس اور طلبہ کی طبی معلومات و ایمرجنسی رابطہ نمبرز ہمراہ رکھنا ضروری ہوگا۔
  • خراب موسم یا رات کے وقت ہائی وے اور پہاڑی علاقوں میں سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
  • اسموگ کے دوران بچوں کی صحت کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے