لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں خصوصی بچوں کے لیے نئے تعلیمی اداروں کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن پنجاب شعیب اقبال سید کی زیر صدارت لاہور میں ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں اے ڈی پی سکیم کے تحت زیر تعمیر سپیشل ایجوکیشن اداروں کی فزیکل اور مالیاتی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن کو زیر تعمیر منصوبوں کی موجودہ صورتحال، تعمیراتی پیشرفت اور مالیاتی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
شعیب اقبال سید نے تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی کاموں کے معیار اور استعمال ہونے والے میٹریل پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن نے کہا کہ صوبہ بھر میں مریم نواز آٹزم سکولز، خصوصی بچوں کے تعلیمی اداروں اور سپیشل سنٹرز کا قیام وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کا اہم حصہ ہے۔ خصوصی بچوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ پیشہ ورانہ تربیت اور جدید تعلیمی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ خصوصی تعلیمی اداروں میں جدید کمپیوٹر لیبز، ووکیشنل ٹریننگ اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مریم نواز آٹزم سکول کے بعد اب ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں آٹزم سیٹلائٹ ہب بنائے جا رہے ہیں۔
شعیب اقبال سید کا کہنا تھا کہ خصوصی بچوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنا اور ان کے محفوظ مستقبل کو یقینی بنانا وزیر اعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔










