لاہور(پنجاب پوسٹ) محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے سرکاری اسکولوں میں طلبہ سے صفائی کروانے پر پابندی عائد کر دی۔ محکمہ کی جانب سے طلبہ کو جھاڑو لگانے، فرش دھونے اور کچرا اٹھانے جیسے کاموں سے روکنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن نے بچوں سے صفائی کروانے کو تعلیمی اداروں کے بنیادی مقصد کے منافی قرار دیا ہے۔
جاری ہدایات کے مطابق اسکولوں میں صفائی کے لیے مختص عملہ یا متبادل انتظامات یقینی بنائے جائیں گے، جبکہ اسکول سربراہان صفائی کے انتظامات کے ذمہ دار ہوں گے۔ طلبہ سے صفائی کروانے والے اساتذہ اور اسکول ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور : فاطمہ جناح چونا منڈی کالج کے خاتمے کے فیصلے کے خلاف طالبات سراپا احتجاج
محکمہ اسکول ایجوکیشن نے ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اسکولوں کے اچانک معائنے کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ تمام سی ای اوز ایجوکیشن اتھارٹیز کو سات روز میں عملدرآمد رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ پابندی سے متعلق نوٹیفکیشن تمام اسکولوں کے نوٹس بورڈز پر آویزاں کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔










