لاہور (پنجاب پوسٹ)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) لاہور زون نے حوالہ ہنڈی اور بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کے خلاف شاہ عالم مارکیٹ لاہور اور ننکانہ صاحب میں الگ الگ کارروائیاں کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 26 لاکھ 80 ہزار روپے پاکستانی کرنسی کے علاوہ مختلف ممالک کی کرنسی اور اہم دستاویزات بھی برآمد کی گئیں۔
ترجمان ایف آئی اے لاہور زون کے مطابق پہلی کارروائی شاہ عالم مارکیٹ لاہور میں کی گئی، جہاں حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث ملزم محمد نوید شاہ کو گرفتار کیا گیا۔ دوسری کارروائی ننکانہ صاحب میں عمل میں آئی، جہاں غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کرنے والے ملزم محمد اسماعیل کو حراست میں لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 26 لاکھ 80 ہزار روپے پاکستانی کرنسی برآمد ہوئی۔ اس کے علاوہ 2 لاکھ 18 ہزار 750 بھارتی روپے، 2 ہزار 800 برطانوی پاؤنڈ اور 5 کروڑ 80 لاکھ ایرانی کرنسی بھی ملزمان سے برآمد کی گئی۔
کارروائیوں کے دوران 5 سعودی ریال، 48 ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈز، متعدد چیک بکس، بینک ڈپازٹ سلپس اور دیگر اہم دستاویزات بھی قبضے میں لی گئیں، جنہیں مزید تفتیش کے لیے بطور شواہد محفوظ کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر غیر قانونی حوالہ ہنڈی اور بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کے کاروبار میں ملوث پائے گئے۔ ملزم محمد نوید شاہ اس سے قبل بھی حوالہ ہنڈی کے ایک مقدمے میں نامزد ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ تفتیش کے دوران ملزمان کے نیٹ ورک، رابطوں اور لین دین کے ذرائع کا سراغ لگایا جائے گا، اور اس غیر قانونی دھندے میں ملوث دیگر عناصر کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔










