لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے کرائم کنٹرول کی ہدایات جاری کیے جانے کے بعد صوبے میں ایف آئی آرز کے اندراج میں اچانک نمایاں کمی سامنے آئی ہے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے فالو اپ میٹنگ میں اس کمی پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور سمیت متعلقہ آر پی اوز سے دستخطوں کے ساتھ تصدیقی رپورٹس طلب کر لی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ معاملہ جمعہ کے روز ہونے والی میٹنگ میں زیر بحث آیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق جمعہ کو منعقدہ فالو اپ میٹنگ میں انکشاف ہوا کہ لاہور سمیت 25 اضلاع میں کرائم اگینسٹ پراپرٹی اور کرائم اگینسٹ پرسن کے مقدمات کی رجسٹریشن میں بڑے پیمانے پر کمی واقع ہوئی ہے۔
کرائم اگینسٹ پراپرٹی
25 اضلاع میں ایف آئی آرز کی رجسٹریشن کم ہوئی۔ سب سے زیادہ کمی لیہ میں 51 فیصد سے زائد ریکارڈ کی گئی۔ ساہیوال میں 47 فیصد، مظفر گڑھ میں 44 فیصد، سیالکوٹ میں پونے 22 فیصد جبکہ لاہور میں ساڑھے 18 فیصد کمی ہوئی۔ دیگر اضلاع میں بھی 10 فیصد سے زائد کمی دیکھی گئی۔ 10 اضلاع میں رجسٹریشن 10 فیصد کم ہوئی، جبکہ 7 اضلاع میں سابقہ اعداد و شمار سے زیادہ مقدمات درج ہوئے۔
کرائم اگینسٹ پرسن
15 اضلاع میں 10 سے 40 فیصد تک رجسٹریشن کم ہوئی۔ دس اضلاع میں 2 سے 8 فیصد تک کمی ریکارڈ ہوئی، جبکہ لاہور سمیت 13 اضلاع میں رجسٹریشن میں اضافہ ہوا۔
پس منظر
وزیراعلیٰ پنجاب نے شہریوں کے تحفظ کے لیے آئی جی پنجاب کو ہفتہ وار کرائم میٹنگ منعقد کرنے کا حکم دیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق رواں ماہ وزیراعلیٰ پنجاب کرائم کنٹرول کے حوالے سے تمام اضلاع کی کارکردگی کا جائزہ لیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور ٹریفک پولیس کا رات گئے بڑا ایکشن، گلبرگ سرکل میں 2 ون ویلر گرفتار، مقدمات درج











