لاہور( پنجاب پوسٹ ) فارمن کرسچن کالج (اے چارٹرڈ یونیورسٹی) کی فیکلٹی آف ہیومینیٹیز ڈیپارٹمنٹ آف میس کمیونیکیشن کے زیرِ اہتمام صحافیوں کے تحفظ سے متعلق دو روزہ تربیتی ورکشاپ بعنوان ’’بغیر حفاظتی حصار کے رپورٹنگ: تنازعات کے سال میں جسمانی، ڈیجیٹل، قانونی اور نفسیاتی تحفظ‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔
ریکٹر ایف سی کالج ڈاکٹر جوناتھن ایس ایڈلٹن نے ورکشاپ کا افتتاح کیا۔ فیکلٹی آف ہیومینیٹیز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر الطاف اللہ خان نے تعرفی خطاب میں میڈیا ورکرز کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع اور مربوط حکمتِ عملی اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں : لاہور ہائیکورٹ کا ایف سی کالج کے یوینگ ہاسٹل پر حکومتی قبضہ روکنے کا حکم، پنجاب حکومت اور بورڈ آف ریونیو سے جواب طلب
ورکشاپ میں میڈیا کے شعبے سے وابستہ شخصیات شاہد علی نعیم، حسنین نفے، رضوان علی، اظہر تھیراج، ساجد خان اور بین الاقوامی صحافی میاں محمد معیز سمیت ملک بھر سے میڈیا کے اساتذہ، طلبہ اور صحافیوں نے شرکت کی۔
ورکشاپ کے پہلے روز پروفیسر ڈاکٹر مقرب اکبر نے تنازعات، انتہا پسندی اور قیامِ امن کے مختلف پہلوؤں پر اظہارِ خیال کیا، جبکہ انجینئر عاصمہ بشارت نے ڈیجیٹل تحفظ، صحافی زری جلیل نے صنفی بنیادوں پر لاحق خطرات اور آن لائن ہراسانی، اور رفعت اللہ اورکزئی نے عسکریت پسندی سے متعلق رپورٹنگ کے موضوعات پر گفتگو کی۔ پہلے روز کا اختتام تنازعات کی رپورٹنگ کے نفسیاتی اثرات پر ایک آن لائن مذاکرے سے ہوا، جس میں ڈاکٹر ماہہ بشریٰ، ڈاکٹر لادا ٹریفونووا پرائس اور محقق سعد زبیری نے شرکت کی۔
ورکشاپ کے دوسرے روز ڈاکٹر سید فواد علی شاہ نے اخلاقی صدمے اور پیشہ ورانہ دباؤ، ڈاکٹر عدیل احمد عامر نے نیوز روم کے دباؤ سے نمٹنے، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر ساویرا مجیب شامی، اینکر پرسن مہمل سرفراز اور سینئر صحافی مبشر بخاری نے صحافیوں کو درپیش خطرات پر اظہارِ خیال کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر الطاف خان نے امن صحافت کے موضوع پر گفتگو کی، جبکہ ڈاکٹر ڈیزائری ہِل نے جنگ کے دوران یوکرین میں صحافیوں کی رپورٹنگ کے حوالے سے اپنے تجربات اور مشاہدات پیش کیے۔
یہ بھی پڑھیں : "میچ کے دوران کوئی روڈ بند نہیں ہوگا”: سی ٹی او لاہور نے ٹریفک پلان کا اعلان کر دیا
اختتامی کلمات ڈین فیکلٹی آف ہیومینیٹیز، پروفیسر ڈاکٹر الطاف اللہ خان، اور شعبہ میس کمیونیکیشن کی سربراہ، پروفیسر ڈاکٹر فراست جبین نے ادا کیے۔ انہوں نے تمام شرکاء اور انتظامی ٹیم کی کاوشوں، محنت اور تعاون کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔











