لاہور (پنجاب پوسٹ) سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے لبرٹی مارکیٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی سہولت، ٹریفک کی موثر روانی اور آگاہی کے لیے جامع ٹریفک پلان تشکیل دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹریفک پلان پر عملدرآمد کے لیے 2 ایس ایس پیز، 7 ڈی ایس پیز اور 90 انسپکٹرز فرائض سرانجام دیں گے، جبکہ قذافی اسٹیڈیم، ٹیموں کے روٹس اور متبادل راستوں پر ایک ہزار سے زائد وارڈنز تعینات ہیں۔ رانگ پارکنگ کے خاتمے کے لیے 10 فورک لفٹرز اور 7 بریک ڈاؤنز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی سی بی کا سخت فیصلہ: پریذیڈنٹ ٹرافی کھیلنے والے کرکٹرز کے دوبارہ فٹنس ٹیسٹ
سی ٹی او لاہور کے مطابق مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ اور مین بلیوارڈ گلبرگ ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گی اور میچ کے دوران کسی بھی روڈ کو بند نہیں رکھا جائے گا۔ تاہم ٹیموں کی موومنٹ کے دوران سڑکیں چند لمحوں کے لیے بند کی جائیں گی اور موومنٹ گزرتے ہی تمام ڈائیورشنز ٹریفک کے لیے کھول دی جائیں گی۔
پارکنگ کی سہولت:
- مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ اور فیروز پور روڈ سے آنے والے شائقین براستہ فیروز پور روڈ گورنمنٹ کالج فار بوائز میں پارکنگ کر سکیں گے۔
- ٹھوکر، جوہر ٹاؤن اور کاہنہ کی جانب سے آنے والے شہری براستہ کلمہ چوک، سینٹر پوائنٹ گورنمنٹ کالج فار بوائز میں پارکنگ کر سکیں گے۔
- کینٹ اور ڈیفنس کی جانب سے آنے والے شائقین CBD، سن فورٹ ہوٹل اور لبرٹی مارکیٹ میں پارکنگ کر سکیں گے۔
- سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ راستہ ایپ اور راستہ ایف ایم 88.6 کے ذریعے شہریوں کو ٹریفک کی بدلتی صورتحال سے آگاہ رکھا جائے گا۔
شہریوں کے لیے ہدایات:
شہری مزید رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن 15 پر کال کر سکتے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ٹیم موومنٹس کے دوران قذافی اسٹیڈیم کی طرف غیر ضروری سفر سے گریز کریں، پارکنگ اور اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے ٹریفک عملے سے رہنمائی لیں اور ٹریفک صورتحال سے باخبر رہنے کے لیے راستہ ایپ اور راستہ ایف ایم سنتے رہیں۔











