لاہور(پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یومِ طلبہ (International Students’ Day) کے موقع پر اپنے پیغام میں "کوالٹی ایجوکیشن فار آل” کے وژن کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے ہر بچے اور نوجوان کو معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط اور خدمت کا جذبہ بھی اپنائیں اور تعمیرِ ملت میں بھرپور کردار ادا کریں۔
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے طلبہ کے ہاتھوں میں قلم، کتاب اور لیپ ٹاپ دیکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ مستقبل کے رہنما اور ملک کی ترقی کے مضبوط ستون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے طلبہ کل کے سائنسدان، افسر، چیمپئن، پالیسی ساز اور عالمی رہنما بنیں گے۔
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ ہونہار اسکالرشپ پروگرام، لیپ ٹاپ اسکیم اور ای بائیکس طلبہ کو دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف سکول آف ایمننس میں طلبہ کو مہنگے پرائیویٹ تعلیمی اداروں سے بہتر تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم ہر نوجوان کا بنیادی حق ہے اور حکومتِ پنجاب طلبہ کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ ملکی قیادت اور مستقبل کے بارے میں درست فیصلوں کے لیے وہ ہمیشہ ملک کی سیاست اور حالات سے باخبر رہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ملنے والے لیپ ٹاپ اور ڈیجیٹل لائبریریوں کو تعلیم اور تحقیق کے لیے استعمال کیا جائے۔پیغام کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے طلبہ سے کہا کہ وہ جہاں بھی رہیں، ہنر، اخلاقی اقدار اور خدمت کے جذبے کو ہمیشہ اپنے دل میں زندہ رکھیں۔











