لاہور(پنجاب پوسٹ)اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظمِ اعلیٰ صاحبزادہ وسیم حیدر نے اعلان کیا ہے کہ طلبہ یونین کی بحالی کے لیے 24 سے 26 نومبر تک پنجاب اسمبلی کے سامنے تین روزہ دھرنا دیا جائے گا، جس میں پنجاب بھر سے طلبہ شریک ہوں گے۔ انہوں نے یہ اعلان اسلام آباد میں منعقدہ "نیشنل سٹوڈنٹس ڈائیلاگ اِن ایجوکیشن” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اسلامی جمعیت طلبہ کے زیراہتمام منعقدہ اس ڈائیلاگ میں ماہرینِ تعلیم، سیاسی رہنماؤں، وکلاء، صحافیوں اور طلبہ تنظیموں کے نمائندوں پر مشتمل پینل نے خطاب کیا۔ تنظیم کے مطابق مقررین نے طلبہ یونین کی بحالی سمیت تعلیمی مسائل کے حل کے لیے جمعیت کے مطالبات اور موقف کی حمایت کی۔
تقریب میں جمعیت کے معتمدِ عام ابوذر غفاری، اسسٹنٹ سیکرٹریز عمیس عزیز اور حسن امین، ناظم خیبرپختونخوا اسفندیار عزت اور ناظم اسلام آباد حاشر عباسی سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا کہ طلبہ یونین کی بحالی جمہوری عمل کی مضبوطی اور طلبہ کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ طلبہ کو فیصلہ سازی کے عمل میں مؤثر نمائندگی دیے بغیر تعلیمی نظام میں حقیقی بہتری ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کمیونٹی اپنے حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد پر یکسو اور پُرامید ہے، اور طلبہ ماضی کی طرح آئندہ بھی اپنے جائز حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔
ناظمِ اعلیٰ نے کہا کہ ملک کی بڑی جامعات میں طلبہ یونین کے انتخابات کرائے جائیں گے۔ انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے بجٹ میں کٹوتی کا ذکر کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس کے بجٹ میں 300 فیصد اضافہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور آئین کے آرٹیکل 25-A کے تحت ہر شہری کو تعلیم فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، تاہم ان کے بقول اس کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان جی ڈی پی کا 0.8 فیصد سے بھی کم تعلیم پر خرچ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے لیے آواز اٹھانا کسی پر احسان نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل کی فکر ہے۔
صاحبزادہ وسیم حیدر نے مزید کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور نظام کی ناکامیوں کا حل انہیں بااختیار بنانے اور فیصلہ سازی میں شریک کرنے میں ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ طلبہ یونین کی بحالی کے لیے اسلامی جمعیت طلبہ اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔










