لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب حکومت نے پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ (پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ) کے اجرا کا باقاعدہ قانونی طریقہ کار وضع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے پولیس آرڈر (ترمیمی) ایکٹ 2026 کا بل پنجاب پولیس آرڈر 2002 میں ترمیم کے لیے گزشتہ روز ایوان میں پیش کیا گیا، جسے بعد ازاں قائمہ کمیٹی برائے قانون کو بھیج دیا گیا۔ بل کا مقصد شہریوں کے روزگار اور ساکھ کا تحفظ کرنا اور پولیس کے داخلی ریکارڈ کو برقرار رکھتے ہوئے پولیس کلیئرنس کے اجرا کا واضح نظام وضع کرنا ہے۔
بل کے متن کے مطابق مقدمے میں بری، ڈسچارج یا مقدمہ خارج ہونے والے شہریوں کو پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ مقدمے کے ریکارڈ کے بغیر جاری کیا جائے گا۔ اس سے ایسے شہریوں کو ملازمت، ویزا اور امیگریشن کے لیے پولیس کلیئرنس کے حصول میں سہولت ملے گی۔ بری ہونے کے باوجود سرٹیفکیٹ پر مقدمہ ظاہر ہونے سے ملازمت اور بیرون ملک جانے میں جو رکاوٹیں پیش آتی تھیں، انہیں دور کرنے کے لیے یہ قانون سازی ناگزیر قرار دی گئی ہے۔
درخواست اور اجرا کا طریقہ کار
پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ کے لیے درخواست متعلقہ ضلع کے سربراہ پولیس افسر کو دینا ہوگی۔ اگر درخواست گزار کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہ ملے تو اسے تین روز کے اندر سرٹیفکیٹ جاری کرنا لازم ہوگا۔ مقدمے میں بری شہری کو درخواست کے ساتھ متعلقہ عدالتی احکامات کی مصدقہ نقول جمع کرانا ہوں گی، اور ان احکامات کی تصدیق کے بعد اسے 15 روز کے اندر سرٹیفکیٹ جاری کیا جا سکے گا۔ بریت یا مقدمہ خارج ہونے کی صورت میں سرٹیفکیٹ جاری کرتے وقت متعلقہ فوجداری مقدمے کا ریکارڈ ظاہر نہیں کیا جائے گا۔
عادی مجرم اور داخلی ریکارڈ
بل کے مطابق عادی مجرم قرار دیے گئے شخص کی حیثیت پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ میں ظاہر کی جائے گی۔ دوسری جانب بریت یا مقدمہ خارج ہونے کے باوجود پولیس محکمہ متعلقہ شہری کا فوجداری ریکارڈ اپنے داخلی ریکارڈ میں محفوظ رکھنے کا پابند ہوگا۔
انکار اور اپیل کا حق
سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے انکار کی صورت میں ضلعی پولیس سربراہ کو وجوہات پر مشتمل تحریری حکم جاری کرنا ہوگا۔ انکار کے خلاف شہری کو 14 روز کے اندر اپیل دائر کرنے کا حق حاصل ہوگا۔ اپیل پر مجاز افسر متاثرہ شہری کو سماعت کا موقع دینے کے بعد 30 روز کے اندر فیصلہ کرنے کا پابند ہوگا۔
صوبائی پولیس افسر کے اختیارات
بل کے تحت پنجاب کے صوبائی پولیس افسر کو اختیار ہوگا کہ وہ ان مقدمات کی درجہ بندی کرے جن کا ریکارڈ پولیس سرٹیفکیٹ میں ظاہر نہیں کیا جائے گا۔ سرٹیفکیٹ کے اجرا کا طریقہ کار اور اپیل سننے والے مجاز افسر کا تعین بھی صوبائی پولیس افسر ہی کرے گا۔
آئندہ مراحل
قائمہ کمیٹی برائے قانون کی رپورٹ کے بعد بل ایوان سے منظور کیا جائے گا، جبکہ اس کی حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے۔











