فیصل آباد (پنجاب پوسٹ) سی پی او فیصل آباد تنویر حسین کی قیادت اور جدید پولیسنگ حکمت عملی کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے، رواں سال سنگین جرائم کی رپورٹنگ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 24 ہزار واقعات کی کمی ریکارڈ کی گئی۔فیصل آباد پولیس کے مطابق بروقت کارروائیوں اور مؤثر انسدادِ جرائم اقدامات کے باعث شہر میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
قتل، اقدامِ قتل، ڈکیتی، رابری، چوری، نقب زنی اور اسٹریٹ کرائم سمیت مختلف سنگین جرائم میں کمی رپورٹ ہوئی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق قتل کے 64 اور اقدامِ قتل کے 82 واقعات کم ہوئے، جبکہ ڈکیتی کے 41 اور رابری کے 3 ہزار 664 واقعات میں کمی ریکارڈ کی گئی۔اسی طرح کار، موٹر سائیکل اور دیگر گاڑیوں کی چوری کے واقعات میں 3 ہزار 625، جبکہ چوری اور نقب زنی کے واقعات میں 3 ہزار 344 کی کمی رپورٹ ہوئی۔
گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو چھیننے کی وارداتوں میں 815، سرقہ مویشی کے واقعات میں 687 جبکہ چھینا جھپٹی کی وارداتوں میں بھی 800 سے زائد کی کمی سامنے آئی۔پولیس کے مطابق رواں سال مالیاتی جرائم کے واقعات میں بھی 8 ہزار 500 سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔سی پی او فیصل آباد تنویر حسین کا کہنا ہے کہ جرائم میں کمی مؤثر پولیسنگ، پولیس فورس کی محنت، عوامی تعاون اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے لیے واضح پیغام ہے کہ وہ جرائم چھوڑ دیں یا شہر چھوڑ دیں۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور پُرامن معاشرے کا قیام فیصل آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے.
یہ بھی پڑھیں:تھانہ سٹی پنڈی بھٹیاں کی حدود میں پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار











