حافظ آباد (پنجاب پوسٹ) تھانہ سٹی پنڈی بھٹیاں کی حدود میں پولیس مقابلہ کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہو گیا۔خفیہ اطلاع پر پولیس نے مشتبہ ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے ریڈ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی
پولیس اہلکاروں نے حقِ حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی کارروائی کی، جبکہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔زخمی ملزم کو گرفتار کر کے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔گرفتار ملزم کی شناخت فاروق ارشد ولد محمد ارشد، سکنہ محلہ معصوم پورہ، پنڈی بھٹیاں کے نام سے ہوئی۔

22 مقدمات میں مطلوب ملزم گرفتار
گرفتار ملزم 22 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے جو بین الاضلاع پولیس کو مطلوب تھا۔گرفتار ملزم کے قبضہ سے 30 بور پستول برآمد ہوئی۔ملزم کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گیا، جس کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن اور چھاپے جاری ہیں۔ڈی پی او حافظ آباد فواد احمد نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش, اور فرار ملزم کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں:ساہیوال: سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار











