لاہور(پنجاب پوسٹ) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس غلام سرور نہنگ نے ایک اہم فیصلے میں قرار دیا ہے کہ استغاثہ کے گواہوں پر جرح کا موقع دیے بغیر کسی ملزم کی سزا برقرار نہیں رکھی جا سکتی۔ عدالت نے اقدامِ قتل کے مقدمے میں ملزم کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے کیس دوبارہ ٹرائل کے لیے ماتحت عدالت کو بھجوا دیا ہے۔ جسٹس غلام سرور نہنگ نے اس حوالے سے اہم قانونی نکتہ بھی طے کر دیا ہے۔
11 صفحات پر مشتمل فیصلہ
جسٹس غلام سرور نہنگ نے 11 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں ملزم عرفان عرف کالا کی فوجداری نظرثانی درخواست منظور کر لی گئی۔ عدالت نے ٹرائل کورٹ اور اپیلیٹ کورٹ دونوں کے فیصلے کالعدم قرار دے دیے۔
مقدمے کا پس منظر
ٹرائل کورٹ نے ملزم عرفان عرف کالا کو سات، سات سال قید اور جرمانوں کی سزا سنائی تھی۔ ملزم کو دفعہ 337-D کے تحت سات سال قید اور 14 لاکھ 39 ہزار 508 روپے ارش ادا کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ اسی طرح زخمی محمد رمضان کو چھ لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کی سزا بھی دی گئی تھی، جسے ہائیکورٹ نے کالعدم قرار دے دیا۔ ایڈیشنل سیشن جج خانیوال نے 25 جون 2024 کو ملزم کی اپیل مسترد کر دی تھی۔
عدالت کے مشاہدات
فیصلے کے مطابق دورانِ ٹرائل ملزم جیل میں تھا اور استغاثہ کے گواہوں کے بیانات وکیل کی عدم موجودگی میں قلمبند کیے گئے۔ گواہوں پر جرح نہ ہونے کے باوجود ٹرائل کورٹ نے ملزم کو سزا سنا دی۔ ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ ملزم کا پرائیویٹ وکیل مقرر نہ کرنا جرح کے حق سے رضاکارانہ دستبرداری تصور نہیں کیا جا سکتا، اور قانونی نتائج سے آگاہ کیے بغیر ملزم کو جرح کا حق چھوڑنے والا نہیں سمجھا جا سکتا۔
آئینی حق اور قانونی معاونت
عدالت نے آئین کے آرٹیکل 10-A کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر ملزم کو منصفانہ ٹرائل اور مؤثر دفاع کا حق حاصل ہے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ مستحق ملزم کو مفت قانونی معاونت کے حق سے آگاہ کرنا عدالت کی ذمہ داری ہے۔ ٹرائل کورٹ نے ملزم کی مالی حیثیت اور قانونی معاونت کے حصول کے حق کا جائزہ ہی نہیں لیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ پنجاب لیگل ایڈ ایکٹ 2018 کے تحت مستحق ملزم کو قانونی معاونت فراہم کرنے کا طریقہ کار اختیار کیا جائے۔
دوبارہ ٹرائل کا حکم
ہائیکورٹ نے مقدمہ دوبارہ ٹرائل کے لیے ماتحت عدالت کو بھیجتے ہوئے حکم دیا کہ ٹرائل استغاثہ کے شواہد ریکارڈ کرنے کے مرحلے سے شروع کیا جائے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ ملزم کو اپنی پسند کا وکیل مقرر کرنے اور استغاثہ کے گواہوں پر جرح کا مؤثر موقع فراہم کیا جائے۔ اگر ملزم وکیل کرنے کی استطاعت نہ رکھتا ہو تو اسے قانونی معاونت کے حصول کا موقع دیا جائے۔












