لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور ہائیکورٹ نے سسرال کے خلاف رقم واپس نہ کرنے پر مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر سماعت کی، تاہم درخواست گزار کے وکیل نے درخواست واپس لینے کی استدعا کی، جس پر عدالت نے درخواست نمٹا دی۔
جسٹس علی ضیاء باجوہ نے جوہر ٹاؤن کے رہائشی عتیق احمد شفیق کی درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ ان کے موقف کے مطابق مقدمے کا اندراج کیسے بنتا ہے اور امانت میں خیانت کا جرم کس طرح ثابت ہوگا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ سسرال والوں کی جانب سے مقدمہ درج کرائے جانے کی رنجش میں درخواست گزار ان کے خلاف مقدمہ درج کرانا چاہتا ہے۔ عدالت نے یہ بھی پوچھا کہ درخواست گزار خود کیوں پیش نہیں ہوا، اسے بلایا جائے تاکہ اس سے براہِ راست پوچھ لیا جائے۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل نے کریڈٹ کارڈ کے ذریعے رقم کی ادائیگی امانتاً کی تھی۔ بعدازاں وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وہ درخواست واپس لینا چاہتے ہیں، جس پر عدالت نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔
درخواست گزار کا مؤقف
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ اس کی ماہ نور فاطمہ سے شادی ہوئی تھی، جس سے ایک بچی پیدا ہوئی۔ بیوی نے عدالت سے خلع لے کر طلاق کی ڈگری حاصل کر لی۔ اس کے مطابق سابقہ بیوی اور سسرال والے آئے روز اس کے خلاف مقدمات درج کرا رہے ہیں۔
درخواست گزار نے مزید مؤقف اپنایا کہ اس نے کریڈٹ کارڈ کے ذریعے سسرال والوں کو اڑھائی لاکھ روپے مالیت کے ایئر کنڈیشنر (اے سی) لگوا کر دیے تھے، لیکن اب وہ نہ تو رقم واپس کر رہے ہیں اور الٹا مقدمات بھی درج کرا رہے ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت رقم واپس نہ کرنے پر سسرال کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔









