لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور ہائیکورٹ نے انشورنس کمپنی کے خلاف صارف عدالت میں دائر شکایت کے قابلِ سماعت ہونے سے متعلق حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ خصوصی قانون کے تحت قائم فورم کے دائرہ اختیار کو عمومی قانون کے ذریعے ختم نہیں کیا جا سکتا۔ جسٹس جواد حسن نے انشورنس کمپنی کی آئینی درخواست پر 9 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ صارف عدالت کا اختیار قانون میں متعین حدود تک محدود ہے اور ہر نوعیت کے تجارتی یا سروس تنازعات صارف عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے۔ عدالت کے مطابق محض انشورنس سروسز کی فراہمی سے متعلق تنازع ہونے پر صارف عدالت کو سماعت کا اختیار حاصل نہیں ہو جاتا۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور ہائیکورٹ کی اجازت سے سول جج کی "عدالتی فیصلہ سازی” پر کتاب ایمازون پر شائع
لاہور ہائیکورٹ نے واضح کیا کہ انشورنس پالیسی ہولڈر اور انشورنس کمپنی کے درمیان پالیسی سے متعلق تنازعات کی سماعت کا اختیار انشورنس ٹربیونل کو حاصل ہے۔ فیصلے کے مطابق انشورنس آرڈیننس 2000 کے سیکشن 122(1)(a) کے تحت ٹربیونل کو خصوصی قانونی اختیار حاصل ہے، جبکہ سیکشن 122(3) کے تحت ٹربیونل کے دائرہ اختیار میں آنے والے معاملات میں کسی دوسری عدالت کو سماعت کا اختیار نہیں۔
عدالت نے قرار دیا کہ صارف عدالت شکایت پر کارروائی سے پہلے اپنے دائرہ اختیار کا تعین کرنے کی پابند ہے۔ واضح رہے کہ صارف عدالت بھکر نے انشورنس کمپنی کی جانب سے دائر اعتراض مسترد کرتے ہوئے شکایت کو قابلِ سماعت قرار دیا تھا، جسے ہائیکورٹ نے 6 اکتوبر 2026 کے حکم سمیت کالعدم قرار دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے درخواست منظور کرتے ہوئے معاملہ دوبارہ صارف عدالت بھکر کو بھجوا دیا اور شکایت کے قابلِ سماعت ہونے کا معاملہ قانون کے مطابق نئے سرے سے طے کرنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے حکم دیا کہ صارف عدالت فریقین کے تعلق، شکایت کے مندرجات اور استدعا کردہ ریلیف کا جائزہ لے اور انشورنس آرڈیننس کے سیکشن 122(1)(a) اور 122(3) کو مدنظر رکھتے ہوئے نیا فیصلہ کرے۔ صارف عدالت بھکر کو ایک ماہ کے اندر وجوہات پر مبنی تحریری فیصلہ جاری کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔











