لاہور(پنجاب پوسٹ) پولیس کے ترجمان کے مطابق سی سی پی او آفس کے کمپلینٹ سیل کے ذریعے شہریوں کی دادرسی کا عمل جاری ہے۔ رواں سال کمپلینٹ سیل میں 9032 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 8639 درخواستیں نمٹا دی گئیں جبکہ 339 پر کارروائی کی جا رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق سی ایم پورٹل سے موصول ہونے والی 38 درخواست گزاروں کی تمام درخواستیں نمٹائی جا چکی ہیں۔سی سی پی او آفس آنے والے 2256 درخواست گزاروں کی 2167 درخواستیں نمٹائی جا چکی ہیں، جبکہ 89 پر کارروائی جاری ہے۔
بذریعہ ڈاک موصول ہونے والی 6738 درخواستوں میں سے 6488 پر کارروائی عمل میں لائی جا چکی ہے اور 250 پر کام جاری ہے۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ سی سی پی او آفس میں قائم کمپلینٹ سیل شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ ان کے مطابق کمپلینٹ سیل کے ذریعے عام آدمی کے محکمہ پولیس سے متعلقہ مسائل بلا تاخیر حل کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بزرگ شہریوں، خواتین اور معذور افراد کی شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیا جا رہا ہے، جبکہ انصاف کی فراہمی میں میرٹ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔











