ملتان(پنجاب پوسٹ)ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے مشکوک دستاویزات پر ویزا حاصل کر کے ترکیہ جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔ کاپ 31 (COP31) کانفرنس میں شرکت کے نام پر ترکیہ جانے والے مسافر کو آف لوڈ کر دیا گیا۔ ترجمان ایف آئی اے ملتان زون کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق مسافر امیش علی فلائٹ FZ326 کے ذریعے کانفرنس میں شرکت کے نام پر ترکیہ جا رہا تھا۔ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ مسافر نے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر COP31 کانفرنس میں شرکت کی آڑ میں ترکیہ کا ویزا حاصل کیا۔ مسافر کی تعلیمی قابلیت انڈر میٹرک نکلی۔ اس سے COP31 کانفرنس سے متعلق سوالات کیے گئے تو وہ جوابات دینے میں ناکام رہا۔
تفتیش کے مطابق مسافر کے سفری دستاویزات اس کے سگے بھائی تنویر احمد نے ایجنٹ کی مدد سے حاصل کیے۔ ویزا کے حصول کے لیے استعمال کیا گیا کمیونٹی بیسڈ ایسوسی ایشن کا لیٹر جعلی نکلا۔ مسافر کی جانب سے پیش کردہ COP31 اور یو این کلائمیٹ سیکریٹریٹ کی ای میلز اس کے ذاتی ای میل اکاؤنٹ میں موجود نہیں تھیں۔
مسافر کے موبائل فون سے فرانس کا ایک واٹس ایپ نمبر برآمد کیا گیا، جبکہ اس کے سامان سے ڈنکی میں استعمال ہونے والی مختلف اشیاء بھی برآمد ہوئیں۔مسافر کو مزید تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔











